آزاد کشمیر کے الیکشن خونی شکل اختیار کر گئے، جگہ جگہ تصادم، لاٹھیاں اور گولیاں چل گئیں

مظفر آباد (پی این آئی) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات خونی شکل اختیار کر گئے۔ آج پولنگ کے دوران مختلف مقامات پر سیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ کوٹلی میں حلقہ ایل اے 12 میں پولنگ اسٹیشن میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے زبانی تلخ کلامی نے خونی تصادم کی شکل اختیار کرلی، جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ باغ میں حلقہ ایل اے 15 ہاڑی گہل پدر محمد علی پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکن گتھم گتھا ہوگئے۔ دونوں جانب سے لاٹھیوں کا بھی آزادانہ استعمال کیا گیا،جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔ پرتشدد کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے وہاں تعینات ایف سی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔مظفرآباد میں حلقہ ایل اے 3 کے پولنگ اسٹیشن 25 اور 26 میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان وقفے وقفے سے ہونے والی ہاتھا پائی کے باعث پولنگ کا عمل متاثر ہوا۔ پولنگ اسٹیشن میں تناؤ کو دیکھتے ہوئے پولیس کی مزید نفری تعینات کردی گئی۔ ہٹیاں بالا میں جسکول پولنگ اسٹیشن پر بھی (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکن آمنے سامنے آگئے اور ایک سیاسی جماعت کی جانب سے پولنگ بند کرانے کی کوشش کی گئی، حلقہ ایل اے 27 کے کوپرا گلی پولنگ اسٹیشن میں دو گروپوں کے مابین جھگڑا ہوگیا جس پر پولنگ کا عمل کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔پشاور میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 45 کے لیے قائم پولنگ اسٹیشن پر بدنظمی کی وجہ سے پولنگ روک دی گئی، پولیس نے پی ٹی آئی کے 2 اور آزاد امیدوار کے 6 کارکنان کو گرفتار کرلیا، حالات کنٹرول کرنے کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کردیا گیا۔کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایم میں قائم پولنگ اسٹیشن کا ماحول بھی کشیدہ ہے، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنان وقفے وقفے سے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کررہے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں