نواز شریف کی ہدایات، مریم کا کوئٹہ جاکر ہزارہ مظاہرین سے ملاقات کا اعلان

لاہور (آئی این پی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ہزارہ برادری کے دھرنے میں شرکت کیلئے آج جمعرات کو کوئٹہ جانے کا اعلان کردیا۔ بدھ کو اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ 4 دن اور راتوں سے شدید سردی میں میں ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ اسلام آباد کی بے حسی کو آواز دے

رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسلامی اخوت اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے ہم سب کیلئے شرمندگی کا باعث ہے۔مریم نواز نے اعلان کیا کہ نواز شریف کی ہدایت پر جمعرات کو یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کردیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے وہاپنی بیٹی کی درخواست رد نہیں کریں گے۔خیال رہے کہ سانحہ مچھ کے خلاف مظاہرین کا کوئٹہ مغربی بائی پاس پردھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پہنچنے والی حکومتی ٹیم کے بھی مظاہرین سے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اور دھرنے کے شرکا نے وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد تک دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے جاری اپنے خصوصی بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف آج جمعرات کو مچھ بلوچستان جائیں گی۔جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنمائوں کا وفد بھی مریم نواز شریف کے ہمراہ ہوگا ۔پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال، سینیٹر پرویز رشید، انجینئر خرم دستگیر خان، رانا ثنااللہ، کیپٹن(ر) محمد صفدر وفد میں شامل ہیں۔پارٹی قائد محمد نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر اور پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب بھی وفد میں شریک ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کے

مطابق مریم نواز شریف پارٹی وفد کے ہمراہ ہزارہ برادری سے 11 کان کنوں کے قتل پر اظہار افسوس اور یکجہتی کریں گی۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کا وفد سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرے گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں