پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا

*پاکستان اور آئی ایم ایف میں اسٹاف لیول معاہدہ طے، ایک ارب 21 کروڑ ڈالر ملنے کی راہ ہموار*

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق معاہدہ ایف ایف پروگرام کے چوتھے اور آر ایس ایف پروگرام کے تیسرے جائزے کے بعد طے پایا۔ حتمی منظوری ایگزیکٹو بورڈ دے گا، جس کے بعد پاکستان کو *ای ایف ایف کے تحت ایک ارب ڈالر اور کلائمیٹ فنانسنگ (آر ایس ایف) کے تحت 21 کروڑ ڈالر، یعنی مجموعی طور پر ایک ارب 21 کروڑ ڈالر* جاری ہوں گے۔

آئی ایم ایف مشن چیف ایوا پیٹرووا کی سربراہی میں وفد نے 23 ستمبر سے 7 اکتوبر تک کراچی اور اسلام آباد میں مذاکرات کیے۔ مذاکرات کے اختتام پر وفد نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔

فنڈ کے مطابق مشرق وسطیٰ تنازع اور عالمی تیل بحران کے باوجود پاکستان کی معاشی کارکردگی ٹریک پر رہی۔ رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں جی ڈی پی گروتھ *4 فیصد* رہی، جبکہ پورے مالی سال کا تخمینہ 3.6 فیصد ہے۔ مہنگائی مئی میں بلند ترین سطح کے بعد ستمبر میں کم ہو کر *10.3 فیصد* پر آگئی، جبکہ زرمبادلہ ذخائر *21.5 ارب ڈالر* تک پہنچ گئے ہیں۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 2 فیصد رکھنے اور تعلیم و صحت کے بجٹ میں اضافے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم توانائی کی قیمتوں اور عالمی مالیاتی دباؤ کے باعث خطرات بدستور موجود ہیں۔