مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والا ڈرون تباہ

سعودی ایئر ڈیفنس فورسز نے مکہ مکرمہ کی حدود میں داخل ہونے والے ایک ڈرون کو روک کر تباہ کردیا۔

روئٹرز کے مطابق سعودی عرب کی زیر قیادت فوجی اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی فضائی دفاع نے منگل کے روز مکہ مکرمہ کے جنوب میں ایک ڈرون کو اس وقت انٹرسیپٹ کیا جب وہ مقدس شہر کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہو رہا تھا۔

ترجمان ترکی المالکی نے بدھ کی صبح بتایا کہ ڈرون کے ذریعے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ان کے مطابق یہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی دوسری کوشش ہے، اس سے قبل 27 جولائی 2017 کو بیلسٹک میزائل کے ذریعے حملے کی کوشش کی گئی تھی۔

ترجمان نے کہا کہ ڈرون حملے کی کوشش لاکھوں مسلمانوں کے جذبات مشتعل کرنے اور حرمین شریفین کے سیکیورٹی اہلکاروں کو خوف زدہ کرنے کی سنگین کوشش تھی۔ انہوں نے اسے شہریوں اور مقیم افراد کو نقصان پہنچانے کی کوشش بھی قرار دیا۔

اتحادی افواج کے مطابق حرمین شریفین اور زائرین کی سلامتی سرخ لکیر ہے اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے منگل کے روز ملک کے مختلف علاقوں، جن میں مکہ مکرمہ اور دیگر شہر بھی شامل ہیں، میں سیکیورٹی الرٹس جاری کیے تھے۔