اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ نےتیل کی قیمتوں سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجادی

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا اب امریکا کے لیے ممکن نہیں رہا اور عالمی تیل مارکیٹ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

باقر قالیباف کے مطابق امریکا نے تیل کی قیمتیں قابو میں رکھنے کے لیے مختلف طریقے استعمال کیے اور عالمی منڈی میں مختلف سطحوں پر مداخلت کی، حتیٰ کہ مبینہ طور پر جھوٹی خبریں بھی پھیلائی گئیں، تاہم یہ تمام حربے بے اثر ثابت ہوئے۔

ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ امریکا نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم رکھنے کے لیے اپنے قومی ذخائر سے بھی تیل جاری کیا، لیکن اس کے باوجود قیمتوں میں اضافہ جاری رہا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی اقدامات کی ناکامی اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی تیل مارکیٹ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، جہاں تیل کی قیمتوں پر اثر انداز ہونا پہلے کی طرح ممکن نہیں رہا۔