سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے بزنس مین کیمرون او ریلی سے دوسری شادی کرلی۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ گزشتہ ہفتے کے آخر میں 62 سالہ کیمرون او ریلی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل مئی میں دی میل آن سنڈے نے انکشاف کیا تھا کہ تقریباً ایک سال کی قربت کے بعد دونوں کی منگنی ہوئی تھی۔
آئرش نژاد آسٹریلوی کیمرون او ریلی آنجہانی میڈیا ٹائیکون اور بین الاقوامی رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور اپنے کیریئر کے ایک حصے کے دوران والد کے کاروبار سے وابستہ رہے۔
کیمرون او ریلی بعد ازاں نجی سرمایہ کاری کے شعبے میں داخل ہوئے اور 2003 میں نجی سرمایہ کاری فنڈ بیارڈ کیپیٹل قائم کیا۔ انہوں نے میٹرنگ کمپنی لینڈس اینڈ گائر بھی حاصل کی، جس کے بعد وہ اس کے چیف ایگزیکٹیو رہے۔ 2011 میں توشیبا نے یہ کمپنی 2.3 ارب ڈالر میں خرید لی۔
رپورٹ کے مطابق جمائما اور کیمرون کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون مختلف ڈاکومنٹریز اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ دونوں کی ابتدا میں دوستی ہوئی، جو بعد ازاں رومانوی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔
جمائما کے قریبی دوست کے مطابق دونوں ایک دوسرے کو کافی عرصے سے جانتے تھے اور ان کی ملاقات کام کے سلسلے میں ہوئی تھی۔
جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے بھی تصدیق کی کہ دونوں کی شادی ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سابق وزیراعظم عمران خان سے 1995 میں شادی کی تھی۔ دونوں تقریباً 9 سال بعد 2004 میں علیحدہ ہوگئے تھے۔ ان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔






