فراڈ کے الزامات: شیخ حسینہ کی بیٹی عالمی ادارۂ صحت کے عہدے سے مستعفٰی

بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کی بیٹی اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جنوب مشرقی ایشیا کی ریجنل ڈائریکٹر صائمہ واجد نے فراڈ اور دیگر الزامات کی تحقیقات کے دوران اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

صائمہ واجد نے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریئسس کو بھیجے گئے استعفے میں کہا کہ وہ تقریباً ایک سال سے بغیر تنخواہ انتظامی رخصت پر ہیں، جس کے باعث ان کی مالی صورتحال ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے فرائض مؤثر انداز میں انجام دینے سے روکا جارہا ہے اور وہ ڈبلیو ایچ او کی قیادت پر اعتماد بھی کھو چکی ہیں۔

صائمہ واجد نے 2024 کے آغاز میں ڈبلیو ایچ او کے جنوب مشرقی ایشیا ریجن کی ریجنل ڈائریکٹر کا منصب سنبھالا تھا، جس کی مدت پانچ سال تھی۔ انہیں پہلی مرتبہ جولائی 2025 میں انتظامی رخصت پر بھیجا گیا، جبکہ بنگلہ دیش کے اینٹی کرپشن کمیشن نے مارچ 2025 میں ان کے خلاف فراڈ اور جعل سازی کے الزامات میں مقدمات قائم کیے تھے۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے صائمہ واجد پر چین کے سفر سے متعلق مالی بے ضابطگیوں، تعلیمی اسناد کے بارے میں غلط بیانی اور بنگلہ دیش میں غیر قانونی طور پر ایک پلاٹ حاصل کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔ صائمہ واجد نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چین کے سفر سے متعلق معاملہ ایک معاون کی انتظامی غلطی کے باعث پیدا ہوا اور رقم صرف 901 ڈالر تھی۔

تعلیمی اسناد سے متعلق الزام پر صائمہ واجد نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں بنگلہ دیش میں آٹزم کے شعبے میں کام کے اعتراف میں اعزازی ڈاکٹریٹ دی گئی تھی اور انہوں نے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل کو اس بارے میں مکمل آگاہ کیا تھا۔ پلاٹ کے معاملے میں بھی ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ زمین ڈبلیو ایچ او میں شمولیت سے قبل حاصل کی تھی اور وہ متعلقہ قانون کے تحت اس کی حقدار تھیں۔

ذرائع کے مطابق ڈبلیو ایچ او صائمہ واجد کو باضابطہ طور پر عہدے سے ہٹانے کی تیاری بھی کررہا تھا اور نئے ریجنل ڈائریکٹر کے انتخاب کے لیے آئندہ مراحل طے کیے جارہے تھے۔

واضح رہے کہ ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹرز اہم صحت پالیسی عہدیداروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی ذمہ داریوں میں وباؤں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ مقامی حالات کے مطابق ادارے کی صحت پالیسیوں پر عمل درآمد شامل ہے۔ ریجنل ڈائریکٹرز کا انتخاب رکن ممالک ہر پانچ سال بعد کرتے ہیں۔