زلزلے کے شدیدجھٹکے

چین کے علاقے تبت میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 35 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے باعث فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

زلزلے کے جھٹکوں کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

واضح رہے کہ تبت چند روز قبل بھی ایک بڑی قدرتی آفت کی زد میں آیا تھا۔ 26 اگست کو گلیشیئر ٹوٹنے کے بعد آنے والے سیلاب اور ملبے کے ریلے نے تبت اور نیپال کے سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔

نیپال میں اس قدرتی آفت کے اثرات زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوئے، جہاں سیلاب سے مکانات، سڑکوں، پلوں اور ہائیڈرو پاور منصوبوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ ہزاروں افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔