پنشنرز کے لیے اہم خبر ، نئے قواعد جاری کر دئیے گئے

وزارتِ خزانہ نے پنشنرز کے لیے نئے قواعد جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت اب پنشن کی ادائیگی ڈیجیٹل پنشن نظام کے ذریعے کی جائے گی۔

نئے قواعد کے مطابق پنشنرز کو ہر چھ ماہ بعد نادرا کے ذریعے اپنی ڈیجیٹل تصدیق کرانا ہوگی۔ یہ تصدیق نادرا پاک آئی ڈی ایپ یا مجاز نادرا مراکز سے کرائی جا سکے گی۔

پنشن کی تصدیق کا پرانا کاغذی طریقہ ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ پنشن کی رقم براہِ راست پنشنر کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوگی۔ مارچ اور ستمبر میں تصدیق کا سابقہ مقررہ شیڈول بھی ختم کر دیا گیا ہے اور اب ہر چھ ماہ بعد ڈیجیٹل تصدیق لازمی ہوگی۔

نئے نظام کے تحت بینک پنشنرز سے بائیومیٹرک تصدیق یا لائف سرٹیفکیٹ طلب نہیں کریں گے اور پنشن اکاؤنٹ کو ڈورمنٹ بھی نہیں کیا جائے گا۔

تاہم اگر کوئی پنشنر مسلسل چھ ماہ تک اپنی ڈیجیٹل تصدیق نہیں کراتا تو پنشن کی منتقلی عارضی طور پر روک دی جائے گی۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد پنشن کی ادائیگی دوبارہ جاری کر دی جائے گی۔