امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت سے متعلق اہم دعویٰ کیا ہے۔ ایک لائیو ریڈیو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ مجتبیٰ خامنہ ای زندہ ہیں، تاہم ان کے جسم کے بائیں حصے، بشمول بازو اور ٹانگ، کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ مجتبیٰ خامنہ ای ہلاک ہوئے ہیں، تاہم اگر وہ ہلاک ہوچکے ہیں تو ممکن ہے ایرانی حکام ان کی زندگی سے متعلق تاثر برقرار رکھے ہوئے ہوں۔
امریکی صدر کے مطابق ایرانی حکام اہم معاملات میں اب بھی مجتبیٰ خامنہ ای سے مشاورت کرتے ہیں اور ان کی حتمی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایرانی مذاکرات کاروں سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ انہیں زیادہ قابل اعتماد گروہ نہیں سمجھتے اور اس معاملے میں کچھ بھی ممکن ہے۔
جنگ کے نتائج کے حوالے سے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کی مالی طاقت بہت زیادہ ہے اور یہ طاقت ایک بڑی فتح کی جانب بڑھ رہی ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کے خلاف پابندیوں کو مزید سخت کرنے کی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ امریکا نے بعض ممالک کو ایران کے ساتھ اقتصادی معاملات جاری رکھنے کی صورت میں ممکنہ اقتصادی نتائج سے بھی آگاہ کیا ہے۔






