بریکیں فیل،انجن اور بوگیاں الٹ گئیں ، دو ٹرینوں کا خوفناک حادثہ

سافر اور مال بردار ٹرینیں بریک فیل ہونے کے باعث حادثات کا شکار ہوگئیں، تاہم دونوں واقعات میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پہلا حادثہ جہلم کے قریب کالا گجراں ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں راولپنڈی سے لاہور جانے والی راول ایکسپریس بریک فیل ہونے کے باعث پٹری سے اتر گئی۔

ریلوے ذرائع کے مطابق راول ایکسپریس رات ساڑھے 12 بجے راولپنڈی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ کالا گجراں اسٹیشن پہنچنے پر بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا، جس میں ٹرین کا انجن اور 3 بوگیاں متاثر ہوئیں۔ تاہم کسی مسافر کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

حادثے کے باعث راول ایکسپریس تقریباً 4 گھنٹے کی تاخیر سے صبح 9 بجے لاہور پہنچی۔

دوسرا حادثہ رحیم یار خان میں فیروز ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جہاں بریک فیل ہونے کے باعث مال گاڑی کا انجن اور 10 بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔

حادثے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک متاثر ہوگیا اور اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔ ریلوے حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کردی گئی ہیں اور ٹریک کی بحالی کے لیے کارروائی جاری ہے۔