ایران نے آبنائے ہُرمُز کو کھلا رکھنے کے بدلے امریکا کے سامنے مطالبات کی فہرست پیش کر دی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این کے مطابق یہ فہرست ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور مرکزی مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے امریکا کے حوالے کی ہے۔
قالیباف نے امریکا سے ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ کے نکات پر مکمل عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا ہے جس کی میعاد کل ختم ہو چکی ہے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور ایران، لبنان سمیت ہر محاذ پر فوجی کارروائیاں روکنے پر راضی ہوئے تھے جبکہ ایران نے ایٹمی ہتھیار حاصل یا تیار کرنے کے حق سے دست بردار ہونے کا عہد کیا تھا۔
معاہدے کے مطابق امریکا نے ایرانی بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور ایران نے آبنائے ہُرمُز کھلی رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
مفاہمتی یادداشت میں امریکا نے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے، ایران کی تعمیرِ نو کا منصوبہ شروع کرنے اور ایران کے منجمد فنڈز بحال کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔






