ہیلی کاپٹر گر گیا

یونان کے جزیرے سیفنوس میں ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں اس میں سوار تین افراد ہلاک ہوگئے۔

مقامی حکام کے مطابق نجی ہیلی کاپٹر نے ٹیک آف کیا ہی تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والا نوبیاہتا جوڑا ہلاک ہوگیا۔ یہ جوڑا ہنی مون منانے کے لیے جزیرے پر آیا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق اڑان بھرتے ہی ہیلی کاپٹر میں دھماکہ ہوا اور وہ آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں پہاڑی مقام پر حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر کا ملبہ، آگ کے شعلے اور دھواں دیکھا جاسکتا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی سروسز متحرک ہوگئیں۔ دو فائر فائٹرز اور ایک فائر انجن ابتدائی طور پر جائے حادثہ پر پہنچے، جبکہ بعد ازاں یونان کے ایک اور جزیرے سیروس سے امدادی ٹیم بھی روانہ کی گئی۔

حکام کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔