یوکرین نے گزشتہ 3 روز کے دوران روس پر 1000 سے زائد ڈرونز داغے ہیں۔ گزشتہ روز یوکرین نے روسی دارالحکومت ماسکو پر 620 ڈرون داغے جس کے نتیجے میں 10 سالہ بچی سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں روسی ای کامرس کمپنی کے ویئر ہاؤسز اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ دو روز قبل یوکرین نے روسی شہروں پر 800 سے زائد ڈرون فائر کیے جس میں 7 افراد مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔ یوکرین کی جانب سے ایک ہی دن میں 800 سے زائد ڈرون داغے جانے کو اس جنگ میں اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب روس نے برطانیہ کو خبردار کیا کہ وہ یوکرین کو ڈرونز کی فراہمی سے باز رہے اور کہا کہ برطانیہ یوکرین جنگ کو مزید بڑھانے کا راستہ اختیار کر رہا ہے۔ روسی سفارتخانے نے کہا کہ برطانوی ڈرونز روسی فوجی اور صنعتی تنصیبات پر حملوں میں استعمال ہوئے اور برطانیہ کی جنگ میں بڑھتی شمولیت کے سنگین نتائج ہوں گے۔ روسی الزامات پر برطانوی وزارت دفاع نے جواب دیا کہ یوکرین کو دفاع کے لیے درکار ہتھیار فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا اور وہ روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔






