غزہ جنگ بندی معاہدے کا دوسرا مرحلہ: حماس کا روڈ میپ پر اتفاق

غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے اور جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے حماس نے اہم پیش رفت کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ثالثوں اور ضامن ممالک کے وفود کے ساتھ مصر میں ہونے والی ملاقات میں جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے روڈ میپ پر اتفاق ہو گیا ہے۔ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا کے مطابق اس ملاقات میں جنگ بندی معاہدے کے ثالثوں اور ضامن ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی اور فریقین نے دوسرے مرحلے کی جانب بڑھنے کے لیے لائحہ عمل طے کیا۔

 

حماس نے ثالثوں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو معاہدے کے پہلے مرحلے میں کی گئی تمام ذمہ داریاں پوری کرنے پر مجبور کیا جائے۔ تنظیم نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں پر حملے فوری روکے جائیں اور اسرائیلی فوج اپنی کارروائیاں بند کرے تاکہ معاہدے کے اگلے مرحلے پر مؤثر پیش رفت ہو سکے۔ حماس کے مطابق دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کے لیے ضروری ہے کہ پہلے مرحلے کے وعدے مکمل طور پر پورے کیے جائیں۔

 

اس سے قبل امریکی نمائندے اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے بھی مصر میں حماس کے رہنما خلیل الحیا سے ملاقات کی جس میں غزہ میں جنگ بندی اور معاہدے کے آئندہ مرحلے سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔ حماس نے کہا کہ مصر میں ہونے والی حالیہ ملاقاتیں جنگ بندی کو آگے بڑھانے اور دوسرے مرحلے کے عملی اقدامات طے کرنے کا حصہ ہیں۔

 

تنظیم نے زور دیا کہ غزہ میں جنگ بندی کے تسلسل، فلسطینیوں کے خلاف حملوں کے خاتمے اور اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی روک تھام کے بغیر معاہدے کے اگلے مرحلے پر پیش رفت مشکل ہوگی۔ دوسرے مرحلے کے روڈ میپ پر اتفاق کو غزہ میں جنگ بندی کے مستقبل کے حوالے سے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے تاہم اس پر عملی پیش رفت کا دارومدار فریقین کی جانب سے طے شدہ ذمہ داریوں پر عمل درآمد سے مشروط ہے۔