جشن میلادالنبی پر تین روزہ تعطیلات کا اعلان

ابوظہبی (آئی این پی) جشن میلادالنبی ﷺ اسلامی دنیا میں عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، جس کے موقع پر کئی اسلامی ممالک میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ دبئی نے بھی جشن میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں سرکاری ملازمین کے لیے تین روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا۔

دبئی کے سرکاری انسانی وسائل کے محکمے کے مطابق 28 اگست بروز جمعہ جشن میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سرکاری محکموں، حکام اور اداروں میں تعطیل ہوگی، جس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی تعطیلات ہوں گی۔ اس طرح سرکاری ملازمین کو مسلسل تین روز کی چھٹی ملے گی۔

متعلقہ حکام کے مطابق جن اداروں کو مختلف نوعیت کے کاموں یا عوامی خدمات کے لیے مسلسل آپریشنز برقرار رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے، وہاں تعطیلات کا شیڈول متعلقہ ادارے عوامی مفاد اور آپریشنل ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کریں گے۔

شفٹوں میں کام کرنے والے اور عوامی خدمات پر مامور اداروں کے ملازمین کے لیے بھی چھٹی کا فیصلہ متعلقہ سرکاری ادارے آپریشنل ضروریات کے مطابق کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کویت کی حکومت نے بھی جشن میلادالنبی ﷺ کے موقع پر تین روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔