خوفناک بم دھماکا،اہم ملک کے ملٹری انٹیلی جنس چیف جاں بحق

مشرقی لیبیا کے شہر بن غازی میں بم دھماکے کے نتیجے میں لیبین نیشنل آرمی کے ملٹری انٹیلی جنس چیف فوزی المنصوری جاں بحق ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز بن غازی کے علاقے ہواری میں پیش آیا، جہاں فوزی المنصوری کے گھر کے باہر ان کی گاڑی کو دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائس سے نشانہ بنایا گیا۔

مقامی حکام نے حملے کے ذمہ داروں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی دھماکا خیز ڈیوائس سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آسکیں۔

یہ واقعہ لیبیا میں جاری سکیورٹی چیلنجز کی عکاسی کرتا ہے۔ 2020 میں جنگ بندی کے بعد ملک میں بڑی سطح کی لڑائی تو رک گئی تھی، تاہم مختلف حریف انتظامیہ اور مسلح گروہ اب بھی اپنے اپنے علاقوں میں اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔

لیبیا 2011 میں معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد 2014 میں مشرقی اور مغربی حریف دھڑوں میں تقسیم ہوگیا تھا۔ فوجی کمانڈر خلیفہ حفتر کی قیادت میں لیبین نیشنل آرمی مشرقی اور جنوبی لیبیا کے بیشتر علاقوں پر کنٹرول رکھتی ہے اور بن غازی میں قائم انتظامیہ کی حمایت کرتی ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کا مرکز طرابلس ہے، جو مغربی لیبیا کے بڑے حصے پر کنٹرول رکھتی ہے۔