سمندری طوفان نے بڑی تباہی مچا دی، سینکڑوں پروازیں منسوخ

ٹوکیو، بیجنگ: سمندری طوفان ڈولفن نے جاپان اور چین میں شدید موسم پیدا کردیا، جاپان کے علاقے اوکیناوا میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے جبکہ 50 ہزار سے زائد عمارتوں کی بجلی معطل ہوگئی۔

سمندری طوفان جاپان سے گزرنے کے بعد چین کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، جس کے بعد کئی شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

چینی محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ جی جانگ کے مختلف علاقوں میں 500 ملی میٹر تک بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ شنگھائی میں بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

شدید موسم کے باعث شنگھائی کے دو ہوائی اڈوں پر 1,384 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ چین کی یانگ شان بندرگاہ پر 500 سے زائد کشتیوں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔

حکام کی جانب سے شدید موسم کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ طوفان کے اثرات کے باعث مختلف علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔