//

مسلسل 13ویں رات امریکی بمباری، ایران کا خطے میں امریکی اڈوں پر جوابی وار

مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔ امریکی فوج نے ایران کے مختلف علاقوں میں مسلسل 13ویں رات بھی کارروائیاں جاری رکھنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ ایران نے امریکی فوجی تنصیبات کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق امریکی حملوں میں ایران کے فوجی کمانڈ مراکز، ڈرون ذخیرہ گاہوں، مواصلاتی نظام اور بحری عسکری صلاحیتوں سے متعلق تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اہواز، بندر عباس اور جزیرہ قشم سمیت مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ بعض مقامات پر میزائل گرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

سینٹکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز عالمی بحری آمدورفت کے لیے کھلی ہے اور کارروائیوں کا مقصد پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات کو کم کرنا ہے۔

دوسری جانب ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن اور کویت میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو میزائل حملوں سے نشانہ بنایا، جس کے بعد بعض علاقوں میں خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے۔ ایرانی حکام نے مزید دعویٰ کیا کہ جزیرہ قشم کے قریب ایک طیارہ مار گرایا گیا جبکہ کرمان کے قریب ایک امریکی ٹام ہاک میزائل کو فضا میں تباہ کیا گیا۔

ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی حملے جاری رہے تو وہ نئی حکمت عملی اختیار کرے گا، جس کے نتیجے میں اس کے بقول مخالف قوتوں کے لیے جنگ جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close