//

’ایران کی توانائی تنصیبات پر حملہ ہوا تو۔۔۔‘ پاسداران انقلاب کی امریکا اور اتحادیوں کو دھمکی

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی توانائی کی بنیادی تنصیبات پر کسی بھی حملے کی صورت میں خطے میں فوری اور سخت جوابی کارروائی کی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے پلوں یا بجلی گھروں کو نشانہ بنایا گیا تو اس کے نتیجے میں خطے میں موجود امریکی اتحادیوں اور امریکی فوج کی میزبانی کرنے والے ممالک میں بجلی کی بندش ہو سکتی ہے۔

بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی نے کہا کہ ایران اپنی تنصیبات کے خلاف کسی بھی کارروائی کا فوری اور سخت جواب دے گا۔

ان کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ انتباہ کے بعد سامنے آیا، جس میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنایا تو امریکا اس کے جواب میں ایران کے ایک پل یا بجلی گھر کو تباہ کر دے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل یہ بھی کہا تھا کہ ایران کو اپنے اقدامات کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی اور اس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close