//

پاکستان سمیت 4 ممالک کے عمرہ زائرین کیلئے نئی پالیسی نافذ

سعودی عرب کا عمرہ زائرین کے لیے کیٹرنگ فیس ویزا فیس میں شامل کرنے کا فیصلہ

سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے روزانہ کی لازمی کیٹرنگ فیس کو عمرہ ویزا فیس کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں اس نئی پالیسی کا اطلاق پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور مصر سے آنے والے عمرہ زائرین پر ہوگا۔

نئی پالیسی کے تحت ہر عمرہ زائر سے تقریباً 20 سعودی ریال یومیہ نسک میل واؤچر کی مد میں وصول کیے جائیں گے۔ یہ رقم الگ سے ادا کرنے کے بجائے براہِ راست عمرہ ویزا فیس میں شامل ہوگی، جس طرح نسک پلیٹ فارم پر لازمی ٹرانسپورٹ سروسز کی فیس وصول کی جاتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس نظام کا نفاذ یکم ربیع الاول سے کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت 10 ہزار سے زائد ریستورانوں کو نسک ایپ سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ زائرین کو منظور شدہ مقامات سے کھانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

نئے نظام کے مطابق ہر عمرہ زائر کو ویزا جاری ہونے سے قبل ایک منفرد BRN Meal Code جاری کیا جائے گا، جو اس کے ویزا سے منسلک ہوگا۔ زائرین اپنے قیام کے دوران اسی کوڈ کے ذریعے منظور شدہ ریستورانوں سے کھانا حاصل کر سکیں گے۔ واؤچر کی مالیت زائر کے قیام کی مدت کے مطابق مقرر کی جائے گی اور ویزا جاری ہونے سے قبل اس کی تصدیق بھی کی جائے گی۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے کے بعد اس نظام کو دیگر ممالک تک بھی توسیع دی جائے گی۔

اس نئی پالیسی کے تحت عمرہ ٹریول ایجنسیوں کو اپنے پیکیجز میں کیٹرنگ کی اضافی لاگت شامل کرنا ہوگی، جبکہ انہیں یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ ان کے کیٹرنگ پارٹنرز نسک پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہوں، بصورت دیگر عمرہ ویزا کے اجرا میں تاخیر یا دیگر انتظامی مسائل پیش آ سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close