اب چالان گھر نہیں بلکہ سیدھا آپ کے واٹس ایپ پر

حیدرآباد دکن: تلنگانہ حکومت نے ٹرانسپورٹ کمشنر کی سفارش پر ایک اہم نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے واٹس ایپ، ایس ایم ایس اور ای میل کو ٹریفک چالان کی ترسیل کے مجاز الیکٹرانک ذرائع قرار دے دیا ہے۔

حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ مرکزی موٹر وہیکل رولز 1989 کے رول 167 میں حالیہ ترمیم کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ 2 جون 2026 کو تلنگانہ گزٹ میں شائع ہونے والے نوٹیفکیشن کے تحت یہ اقدام فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

ریاستی حکومت نے تمام گاڑی مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ نوٹیفکیشن کے اجرا کے ایک ماہ کے اندر واہن پورٹل پر اپنے موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس کو اپ ڈیٹ کریں تاکہ انہیں ٹریفک چالان بروقت موصول ہو سکیں۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت گزرنے کے بعد واہن پورٹل میں درج موبائل نمبر یا ای میل ایڈریس پر بھیجا گیا چالان قانونی طور پر موصول شدہ تصور کیا جائے گا، خواہ وہ واٹس ایپ، ایس ایم ایس یا ای میل کے ذریعے ارسال کیا گیا ہو۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنانا اور چالان کی ترسیل کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close