دنیا کیلیے بڑا خطرہ امریکا؟ عالمی سروے رپورٹ نے تہلکہ مچا دیا

ایک نئی عالمی سروے رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا بھر میں امریکا کے بارے میں رائے مسلسل دوسرے سال بھی مزید خراب ہوئی ہے اور اب اسے روس سے بھی زیادہ منفی انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈنمارک میں قائم الائنس آف ڈیموکریسیز فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری سالانہ جمہوریت سروے میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں نے عالمی سطح پر امریکا کے تشخص کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا کی نیٹ پرفارمنس ریٹنگ دو برس قبل مثبت 22 فیصد تھی جو اب کم ہو کر منفی 16 فیصد رہ گئی ہے، جبکہ روس کی ریٹنگ منفی 11 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب چین کی ریٹنگ مثبت 7 فیصد رہی۔

سروے میں مختلف ممالک کے شہریوں سے سوال کیا گیا کہ روس اور اسرائیل کے بعد عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ کون سا ملک ہے، جس پر بڑی تعداد میں لوگوں نے امریکا کا نام لیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی، نیٹو اتحادیوں کے ساتھ کشیدگی، وسیع تجارتی ٹیرف، گرین لینڈ پر کنٹرول کی دھمکیاں، یوکرین کے لیے امریکی امداد میں کمی اور ایران کے ساتھ جنگ کے باعث عالمی سطح پر امریکا سے متعلق منفی جذبات میں اضافہ ہوا ہے۔

فاؤنڈیشن کے بانی اور سابق نیٹو سربراہ نے کہا کہ امریکا کے عالمی تشخص میں تیزی سے آنے والی یہ گراوٹ افسوسناک ضرور ہے، تاہم موجودہ امریکی پالیسیوں کے باعث یہ غیر متوقع نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close