ایران میں کشیدگی کے بعد بند کیے گئے فضائی راستوں اور ہوائی اڈوں کو مرحلہ وار دوبارہ کھولنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ملک کے چھ اہم ہوائی اڈوں پر آپریشنز بحال ہو گئے ہیں۔
ایسوسی ایشن آف ایرانی ائر لائنز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک کے مشرقی حصے کی فضائی حدود کے ایک حصے کو پہلے ہی کھول دیا گیا تھا، اور اب دارالحکومت تہران سمیت دیگر شہروں کے ہوائی اڈوں کو بھی پروازوں کے لیے تیار قرار دے دیا گیا ہے۔
ایران کی نیوز ایجنسی ’تسنیم‘ نے ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کے حوالے سے بتایا ہے کہ جن ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع ہو رہا ہے ان میں تہران کے دو اہم ائرپورٹس، امام خمینی انٹرنیشنل ائرپورٹ اور مہرآباد انٹرنیشنل ائرپورٹ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مشہد، بیرجند، گرگان اور زاہدان کے ہوائی اڈوں پر بھی فضائی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق تمام متعلقہ ائر لائنز ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہیں تاکہ مسافروں کی آمدورفت کا سلسلہ دوبارہ معمول پر آ سکے۔
ایسوسی ایشن کے سیکرٹری نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ائر لائنز اندرون ملک اور بیرون ملک پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ان ہوائی اڈوں کی بحالی سے نہ صرف تہران بلکہ مشہد اور زاہدان جیسے دور دراز شہروں کے مسافروں کو بھی سہولت میسر آئے گی، جو گزشتہ عرصے میں فضائی حدود کی بندش کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔
ماہرین اس پیش رفت کو خطے میں صورتحال کے بتدریج معمول پر آنے کی ایک اہم علامت قرار دے رہے ہیں، کیونکہ فضائی سفر کی بحالی سے معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں بھی بہتری متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






