ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شدید زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اُٹھے، زلزلے کی شدت کیا تھی، مرکز کونسا ملک تھا؟ خوف و ہراس چھا گیا

تہران (پی این آئی)پڑوسی ملک ایران کے شہر بندر عباس میں شدید نوعیت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کے اثرات متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں بھی پہنچے۔ ایران میں زلزلے کے باعث ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

یورپین میڈیٹرینن سیسی مولوجیکل سنٹر کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی اور ابتدائی طور پر اس کی شدت 6.0 تھی جو بعد میں بڑھ کر 6.3 ہوگئی۔ زلزلے کا مرکز بندر عباس سے 60 کلومیٹر دور تھا۔ جرمن ریسرچ سنٹر فار جیو سائنسز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1، فرانسیسی ادارے کے مطابق 5.9 ریکارڈ کی گئی ۔خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایرانی صوبے ہرمزگان میں دو بارزلزلہ آیا ہے ، پہلے زلزلے کی شدت 6.3 جب کہ دوسرے کی 6.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے بندر عباس کے علاوہ دیگر جنوبی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کی وجہ سے ایک راہگیر پر بجلی کا کھمبا گر گیا جس کے باعث اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ایران میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے متحدہ عرب امارات میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

امارات کے نیشنل سنٹر آف میٹرولوجی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے ملک کے شمالی اور مشرقی حصوں میں محسوس کیے گئے۔ دبئی کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے ہیں۔ اس کے علاوہ اس زلزلے کے اثرات سعودی عرب میں بھی محسوس ہوئے ہیں۔

close