محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کی ہے۔ مون سون کے آٹھویں اسپیل کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، سوات اور مالاکنڈ سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش کی توقع ہے۔
سوات اور مالاکنڈ میں تیز بارش کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ حکام نے دریائے سوات کے کنارے آباد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے جبکہ دیگر افراد کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد سے 82 فیصد تک رہنے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوسکتی ہے۔
اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
بارش کے دوران اسلام آباد میں نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سی ڈی اے، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔ نالوں، ڈرینز، انڈر پاسز، نشیبی اور حساس علاقوں کی نگرانی کے ساتھ نکاسی آب کا عمل بھی جاری ہے۔
متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ مؤثر بنانے اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہنگامی صورتحال میں شہری 1122، 16 اور 1334 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں کہیں دھوپ اور کہیں بادلوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں جنوب مغربی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا فضائی معیار تسلی بخش ہے۔





