محکمہ موسمیات نے منگل سے بارش کے تگڑے اسپیل کی پیشگوئی کر دی

اسلام آباد/ لاہور(آئی این پی)پنجاب اورخیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اورموسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے منگل سے بارش کے تگڑے اسپیل کی پیشگوئی کردی۔جمعہ کو پنجاب اورخیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں برکھا رت چھا گئی، بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ مظفرآباد، آزاد کشمیر میں بارش کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری ہے۔

لاہور اورمضافات میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، سرگودھا اور ننکانہ صاحب میں گرج چمک کے ساتھ برسات ہوئی، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم مزید خوشگوارہو گیا۔چیچہ وطنی میں بھی بارش کے ساتھ خوب ژالہ باری ہوئی، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آسمان سے برف کے گولے برسنے سے درجہ حرارت کم ہو گیا۔ادھر سوات اور مینگورہ سمیت بیشترمیدانی علاقوں میں بارش سے موسم نے کروٹ بدل لی، صوابی شہر اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔کالاباغ شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے بارشوں کا تگڑا اسپیل پنجاب میں داخل ہو گا۔چیف میٹرولوجسٹ خالد محمود کا کہنا ہے کہ بارشوں کا نیا اسپیل دو روز تک جاری رہے گا، شہر میں شام بارش برسنے کا امکان ہے۔شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے شام بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔جس سے گرج چمک کے ساتھ بھرپور بارشیں متوقع ہے۔

close