سولر، بیٹری اور الیکٹرک گاڑیوں کے نئے منصوبے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے شہر ہانگزو میں مختلف بڑی چینی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں توانائی، الیکٹرک گاڑیوں، جدید بیٹری ٹیکنالوجی اور دواسازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے شینگ ہوا نینگ یوان کے جی کمپنی، سٹار چارج اور شیوژینگ فارماسیوٹیکل گروپ کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے شینگ ہوا نینگ یوان کے جی کمپنی کی سی ای او ایگنس سیو سے ملاقات کے دوران قابلِ تجدید توانائی خصوصاً شمسی توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں سولر انرجی کی بڑھتی ہوئی طلب اور حکومتی پالیسی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے سی اے ٹی ایل کمپنی کے ایگزیکٹو صدر آسکر لوو سے ملاقات میں جدید بیٹری ٹیکنالوجی اور توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام پر گفتگو کی، جبکہ سٹار چارج گروپ کی چیئرپرسن ڈین وے شاو سے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر اور سمارٹ موبیلیٹی سسٹمز پر تعاون کے امکانات زیر بحث آئے۔

دوسری جانب شیوژینگ فارماسیوٹیکل گروپ کے صدر ژن یوان سے ملاقات میں دواسازی اور صحت کے شعبے میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔ اس دوران پاکستان میں نئی فارما فیکٹریاں قائم کرنے اور موجودہ پلانٹس کی توسیع کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close