وزیراعظم کا اہم پیغام، حکومت نے بڑا انسانی ہمدردی پلان سامنے رکھ دیا

اسلام آباد:   وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ حکومت پاکستان انسانی تشویش کے اہم سماجی مسائل سے نمٹنے کیلئے مضبوط، منظم اور جامع نظام کے قیام کیلئے پرعزم ہے۔ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا دنیا بھر میں اور خاص طور پر پاکستان میں اس تحریک کے رضاکاروں، عملے اور شراکت داروں کو ان کی بے لوث انسانی خدمات پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس سال یہ دن یونائیٹڈ ان ہیومینٹی کے تھیم کے تحت منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن انسانیت، ہمدردی اور یکجہتی کی پائیدار طاقت کو اجاگر کرتا ہے۔ موجودہ دور میں، پوری دنیا کو پیچیدہ چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات، صحت عامہ کا تیزی سے بدلتا ہوا منظرنامہ، اور سماجی اور معاشی تفاوت شامل ہیں۔اس تناظر میں ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ جیسی انسانی ہمدردی اور خدمت کے لئے سرشار تنظیموں کا کردار اور بھی اہم ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان انسانی تشویش کے اہم سماجی مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک مضبوط، منظم اور جامع نظام کے قیام کیلئے پرعزم ہے۔ ہر قسم کے بحران میں انسانی وقار اور تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آفات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، عالمی معیار کی صحت کی سہولیات تک آسان رسائی اور معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے خصوصی تحفظ فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close