ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر سے ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی صورتحال،جنگ بندی اور سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاک ایران اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطوں میں تیزی آگئی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا تھا کہ ان رابطوں کے دوران خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، جنگ بندی سے متعلق امور اور جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے مسائل کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات اور رابطے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے جلد پیش رفت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
عباس عراقچی نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے “تعمیری اور مستقل سہولت کاری” کے کردار کو سراہا اور سفارتی محاذ پر پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔
دونوں ممالک نے مستقبل میں بھی قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور سفارتی ذرائع سے کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا۔
یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر عالمی سطح پر جنگ بندی کے لیے کوششیں جاری ہیں اور پاکستان اس سلسلے میں ایک اہم علاقائی کھلاڑی کے طور پر ابھرا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






