پاور بریک ڈاؤن، ملک بھر میں بجلی کی فراہمی معطل، بحالی کے بارے میں اہم اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) بجلی کی تقسیم کے پاکستان کے بڑے نظام نیشنل گرڈ میں بڑا بریک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروے نیشنل پاور کنٹرول کے مطابق، اس وقت سسٹم مکمل طور پر بند ہے، مین لائینوں میں فالٹ کی وجہ سے پورا سسٹم بیٹھ گیا ہے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ ابھی بجلی کے بریک ڈاون کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے، بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ترجمان کے مطابق، 117 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے جس کی کوئی وجہ علم میں نہیں ہے۔ صوبہ سندھ میں کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ کے الیکٹرک کے حکام کے مطابق، 90 فیصد شہر کی بجلی غائب ہے، کراچی کے علاقے گلستان جوہر، گلشن جمال، راشد منہاس روڈ، کلفٹن اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں، مکمل بحالی میں 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ کراچی واٹر بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی کی پمپنگ بھی متاثر ہو رہی ہے۔ لیسکو ذرائع کے مطابق، صوبہ پنجاب میں بھی لاہور سمیت تمام بڑے اور چھوٹے شہر بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق جنوبی و شمالی مین لائینوں میں بیک وقت فالٹ آنے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے حکّام کے مطابق، صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ سمیت 22 اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ کیسکو حکّام کا کہنا ہے کہ گڈو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی دونوں ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کر گئی ہیں۔۔۔۔۔

close