معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی پر وزیراعظم شہباز شریف کا دبنگ حکم

اسلام آباد (پی این آئی ) وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی پر متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم شہبازشریف نے جون کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی پر فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں ۔ اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کرنے کی ہدایت کی ہے

اور کہاکہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نشیبی علاقوں، زیادہ بارشوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں ابھی سے انتظامات یقینی بنائے جائیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پیشگی حفاظتی انتظامات، امدادی سازوسامان کی دستیابی کے لئے بروقت اقدامات کئے جائیں ۔وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں کے اشتراک عمل سے جامع حکمت تیار کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے زرعی علاقوں میں فصلوں،

مویشیوں کی حفاظت اور نقصانات سے بچنے کی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو بروقت خبردار کیاجائے، محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نقاصی آب ، نالوں اور آبی گزرگاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے، سپرے کے انتظامات کئے جائیں۔

close