ایبٹ آباد جلسے سے کپتان کاخطاب ملک کے خلاف سازش قرار، شہباز شریف کاعمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

اسلام آباد(آئی این پی) وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف کے ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے عمران خان کے خلاف قانونی کاروائی کا اعلان کر دیا،وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے ،ایبٹ آباد میں آج ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیاگیا، قانونی کارروائی کریں گے،

اپنے بیان مین وزیر اعظم نے کہا کہ عمران نیازی سیاست نہیں سازش کررہا ہے، یہ سازش پاکستان کے خلاف ہورہی ہے ایک شخص کی انا، تکبر ، جھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے ،پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی، اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کررہا ہے عمران نیازی کی ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے، انہوں نے کہا کہ عمران نیازی آج کے دور کا میر جعفر اور میر صادق ہے جو پاکستان کو لیبیا اور عراق بنانا چاہتا ہے، میرصادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا عمران نیازی اسی تھالی میں چھید کررہا ہے جس میں اس نے کھایا پاکستان کے بائیس کروڑ عوام، آئین اور قومی ادارے ایک شخص کے غلام نہیں، عمران نیازی عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے، اسے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے، عمران نیازی نے بہت جھوٹ بول لیا، اب اسے سچائی کا سامنا کرنا ہوگا۔۔۔۔

close