شاہین آفریدی اور انشا شاہد آفریدی کا نکاح ہو گیا، تصاویر وائرل

لاہور (پی این آئی ) قومی ٹیسٹ کرکٹر شاہین آفریدی اور سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی کا نکاح ہوگیا۔ شاہین آفریدی کا نکاح شاہد آفریدی کی بیٹی انشا کے ساتھ مقامی مسجد میں ہوا۔ فاسٹ بولر شاہین کا نکاح ذکریا مسجد میں مولانا عبدالستار نے پڑھایا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق شاہین اور انشا کی مہندی کی تقریب گزشتہ رات منعقد کی گئی تھی، 2 روز قبل شاہین آفریدی نکاح کیلئے اہل خانہ کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق انشا آفریدی ڈاکٹر بن رہی ہیں اس لیے شادی کی بقیہ رسومات ان کی گریجویشن کے بعد ہوں گی۔ پچھلے سال دسمبر میں شاہین اور انشا کی شادی کی تاریخ نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی تھی۔ دسمبر 2022ء کے آخری ہفتے میں سابق عبوری چیف سلیکٹر کے گھر میں شادی کی گھنٹیاں بجنے لگیں جب شاہد آفریدی کی سب سے بڑی بیٹی اقصیٰ آفریدی نے نصیر ناصر خان سے شادی کی۔اس وقت قومی ٹیم میں شادیوں کا سیزن چل رہا ہے۔ تیز گیند باز حارث رؤف نے شادی کی تقریبات کا آغاز کیا جب وہ دسمبر 2022ء میں مزنا مسعود ملک کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز شان مسعود نے جنوری میں نشے خان سے شادی کی۔ اسی ماہ سٹار آل راؤنڈر شاداب خان نے سب کو حیران کر دیا کیونکہ انہوں نے اعلان کیا کہ انہوں نے لیجنڈ سپنر ثقلین مشتاق کی بیٹی سے نکاح کرلیا ہے۔ شاداب خان کی شادی کی باقی تقریبات شاہین کے نکاح کے چند دن بعد 9 اور 10 فروری کو ہوں گی۔ دریں اثناء حارث کی شادی کی تقریب بھی اس سال ہونے کی امید ہے۔

close