*فاطمہ ثناء کی قیادت میں پاکستان ویمنز ٹیم کا ایشیا کپ اور ایشین گیمز کے لیے اسکواڈ کا اعلان*
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمنز ٹیم کے ایشیا کپ اور ایشین گیمز 2026 کے لیے 15،15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں ایونٹس میں ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کریں گی۔
ڈی پی ورلڈ ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔ تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ اس کے فوراً بعد ایشین گیمز 17 سے 22 ستمبر تک جاپان میں منعقد ہوں گی۔
دونوں اسکواڈز میں فاطمہ ثناء، منیبہ علی، شوال ذوالفقار، عائشہ ظفر اور گل فیروزہ شامل ہیں۔ سائرہ جبیں، ایمان فاطمہ، ایمان نصیر، نشرہ سندھو اور مومنہ ریاست بھی دونوں ایونٹس کا حصہ ہوں گی۔
ایشیا کپ کے اسکواڈ میں اِم ہانی، طوبیٰ حسن، نجیہ علوی، وحیدہ اختر اور سعدیہ اقبال کو بھی جگہ دی گئی ہے۔
جبکہ ایشین گیمز کے اسکواڈ میں عالیہ ریاض، تسمیہ رباب اور حمنہ بلال شامل کی گئی ہیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 16 سے 25 اگست تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لگایا جائے گا۔






