پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے نیشنل چیمپئنز کپ کے تمام میچز میں شائقین کا داخلہ مفت رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق نیشنل چیمپئنز کپ کے تمام 7 میچز ڈے نائٹ ہوں گے، جن کا آغاز دوپہر 3 بجے ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلوز اور پاکستان گولڈ کی چار ٹیمیں حصہ لیں گی۔ مقابلے سنگل لیگ راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت ہوں گے، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔
پاکستان گولڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی، پاکستان گرینز کی کپتانی شاداب خان، پاکستان وائٹس کی قیادت صائم ایوب جبکہ پاکستان بلوز کی کپتانی صاحبزادہ فرحان کریں گے۔
پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے لیے 44 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈز کے علاوہ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا ہے۔
نیشنل چیمپئنز کپ 2026-27 کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز بھی کرے گا اور اسے 2027 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔






