فخر زمان کی ہارڈ ہٹنگ نے پاکستان ٹیم کو بھی چارج کر دیا

کراچی(پی این آئی )قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخرزمان کی ہارڈہٹنگ نے پاکستان ٹیم کو بھی مکمل چارج کردیا۔ پاکستان نے ہفتے کے روز فخرزمان کی برق رفتار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف ڈک ورتھ لوئس پر 21 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈکپ سیمی فائنل میں رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھا تھا۔ ایکسپریس کے مطابق ان کی اس ہارڈہٹنگ نے پاکستانی ٹیم کو نہ صرف چارچ کردیا بلکہ کپتان بابراعظم کا اعتماد بھی بحال ہوگیا ہے، انھوں نے خود بھی اس میچ میں ناقابل شکست ففٹی اسکور کی تھی۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے بات چیت کے دوران بابراعظم کا کہنا تھا کہ میں جانتا تھا کہ جب تک فخر زمان کریز پر موجود ہیں ہم 450 رنز کا ہدف بھی حاصل کرسکتے ہیں، جب وہ اس طرح کی اننگز کھیلتے ہیں تو ہم 95 فیصد اپنے میچز جیت جاتے ہیں، ہر چھکے کے بعد میں ان سے کہتا تھا کہ سنبھل کر کھیلو، جس پر وہ اوکے بولتا اور پھر چھکے جڑنے لگا، اس پر میں نے کہا کہ جو دل چاہے کرو مگر آؤٹ نہیں ہونا، یہ ایک بہترین اننگز تھی۔

موسم کے حوالے سے بابراعظم کا کہنا تھا کہ بارش ہمارے ذہن میں نہیں تھی مگر جب اچانک بادل چھائے تو ہم نے ڈی ایل ایس کا حساب کرنا شروع کردیا، ہم اس سے آگے رہنا چاہتے تھے، ہم نے وکٹیں محفوظ رکھتے ہوئے کوشش جاری رکھی اور میچ کو آگے لے گئے، جہاں فخر نے شارٹ باؤنڈریز سے فائدہ اٹھایا وہیں میں نے دوسرا اینڈ سنبھالے رکھا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ رن ریٹ ہمارے کنٹرول سے باہر نہ جائے۔

ادھر فخر کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں اب تک جن پچز پر ہم کھیلے ہیں یہ ان میں سب سے بہترین تھی، دوسرے ہی اوور سے معلوم ہوگیا کہ یہ بیٹنگ کیلیے بہترین وکٹ ہے۔ یہ میری ایک بہترین ورلڈکپ اننگز ہے تاہم اب بھی میری بہترین اننگز وینڈررز میں کھیلی گئی 193 رنز کی اننگز ہے کیونکہ وہ دنیا کی تیز ترین ووکٹ اور وہیں پر ایشیائی پلیئرز جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔

close