ایشیا کپ میں شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں دوبارہ نمبر ون بن گئی

لاہور (پی این آئی) پاکستان ایشیا کپ نہ جیت کر بھی ون ڈے رینکنگ میں دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر آگیا ہے۔ جنوبی افریقا کے ہاتھوں آسٹریلیا کی شکست کے بعد پاکستان نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کر لی۔

بھارت ایشیا کپ جیت کر بھی ون ڈے رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر ہے، پاکستان ایشیا کپ نہ جیت سکا لیکن رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر آگیا۔ اتوار کو بھارت نے ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ دوسری جانب جنوبی افریقا نے 5 میچز کی سیریز کے آخری ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز 2-3 سے اپنے نام کرلی۔ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کی ٹیم 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے جبکہ جنوبی افریقا کا چوتھا نمبر ہے۔ پاکستان اور بھارت کے ریٹنگ پوائنٹس 115 ہیں، البتہ پاکستان کو ڈیسیمل پوائنٹس پر برتری ہونے کی وجہ سے پہلی پوزیشن ملی۔ واضح رہے کہ بھارت نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو ایشیا کپ ون ڈے کے فائنل میں یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ ایشیا کپ فائنل میں بھارت نے سری لنکا کا صرف 51 رنز کا ہدف با آسانی 6.1 اوورز میں حاصل کیا اور وہ 10 وکٹوں سے میچ جیت کر ایشین چیمپئن بن گیا۔ بھارت کی جانب سے شبمن گل 27 اور ایشان کشن 23 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے ریکارڈ سب سے زیادہ 8 بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔ فائنل میں سری لنکا کی بیٹنگ بارش کے سبب تاخیر سے شروع ہوئی لیکن میچ کا آغاز ہوتے ہی سری لنکن بیٹنگ لائن ڈگمگاگئی۔ سری لنکا کے ابتدائی 6 بیٹرز صرف 12 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے جبکہ پوری سری لنکن ٹیم 15.2 اوورزمیں 50 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کے بولر محمد سراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 21 رنزدے کر 6 وکٹیں لیں جبکہ ہاردک پانڈیا نے 3 کھلاڑی آؤٹ کیے اور ایک وکٹ بمراہ کے حصے میں آئی۔

close