اتوار10ستمبر کو بھی بارش کا امکان، پاک بھارت ٹاکرا ہوگا یا نہیں؟ شائقین کیلئے بڑی خبر آگئی

کولمبو (پی این آئی ) پاک بھارت ایشاء کپ ٹاکرے سے قبل ڈیڑھ ارب شائقین کرکٹ کیلئے بڑی خوشخبری، پاکستان کا سب سے بڑا ڈیجیٹل میڈیا گروپ اردو پوائنٹ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سے اچھی خبر سامنے لے آیا۔

 

 

اتوار 10 ستمبر کو پاک بھارت میچ کے انعقاد کا امکان پیدا ہو گیا۔سری لنکا کے محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اتوار 10 ستمبر کو بھی بارش کا امکان ہے، تاہم بارش دن 2 بجے تک رک جائے گی، جبکہ پاک بھارت میچ کا آغاز دن 3 بجے ہو گا۔ سری لنکا کے محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو دن 2 سے شام 7 بجے تک بارش نہ ہونے کا امکان ہے، جبکہ شام 7 سے 8 بجے تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔ یعنی اگر سری لنکا کے مقامی محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی درست ثابت ہوئی، تو اتوار کے روز پاک بھارت میچ مکمل ہونے کے قوی امکانات ہوں گے۔ واضح رہے کہ کولمبو میں سپر فور مرحلے کے میچز 9 ستمبر سے شروع ہوں گے، پاکستان، سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں آج سہ پہر کولمبو پہنچیں گی جبکہ بھارتی ٹیم پہلے ہی سپر فور مرحلہ کھیلنے کے لیے کینڈی سے کولمبو پہنچ چکی ہے۔

 

 

 

یاد رہے کہ کولمبو میں اگلے 10 روز تک بھرپور بارش کی پیشنگوئی کی گئی تھی، اگر سپر فور مرحلے کا کوئی بھی میچ نہ ہوسکا تو پاکستان پہلی پوزیشن پر ہی رہے گا۔ کولمبو میں تمام میچز واش آؤٹ ہونے کی صورت میں پاکستان فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گا۔ سری لنکا اور بھارت کے پوائنٹس برابر ہیں ، میچز واش آؤٹ ہونے کی صورت میں نیٹ رن ریٹ نافذ نہیں ہو گا بلکہ پوائنٹس کی برابری اور رن ریٹ نہ ہونے کے باعث دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ ٹاس پر ہو گا۔ ایشیاء کپ کا فائنل 17 ستمبر کو کھیلا جانا ہے اور کولمبو میں اس دن بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اگر فائنل بھی بارش کے باعث نہ ہو سکا تو دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔

close