ایشیا کپ 2023:پاک بھارت میچ کے دوران پاکستانی پرچم کا لباس زیب تن کیے خود کو ویرات کوہلی کی فین کہنے والی لڑکی دراصل کون نکلی؟ حقیقت سامنے آنے پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا

کولمبو(پی این آئی) بھارتیوں نے ویرات کوہلی کی تشہیر کے لیے ان کی جعلی پاکستانی فین بنا ڈالی۔ گزشتہ دنوں ایشیاءکپ 2023ءمیں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل تھیں تاہم میچ بارش کی نذر ہو جانے کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

میچ منسوخ ہونے سے قبل بھارت بیٹنگ کر چکا تھا، جس میں پاکستانی باؤلر شاہین آفریدی نے ویرات کوہلی کو محض 4رنز پر ہی کلین بورڈ کرکے پویلین کی راہ دکھا دی تھی۔ اس میچ کے بعد سٹیڈیم میں موجود ایک لڑکی کی ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہوئی، جس نے پاکستانی پرچم کے رنگ کا لباس پہن رکھا تھا اور گال پر بھی پاکستانی پرچم پینٹ کر رکھا تھا۔یہ لڑکی ویرات کوہلی کے آؤٹ ہونے پر سخت افسوس کا اظہار کرتی ہے اور خود کو پاکستانی شہری بتاتے ہوئے کہتی ہے کہ وہ ویرات کوہلی کی بہت بڑی فین ہے۔ تاہم اب انکشاف ہوا ہے کہ یہ بھی بھارتیوں کا اپنے بلے باز ویرات کوہلی کی تشہیر کے لیے گھڑا گیا نیا جھوٹ تھا۔پاکستانی انٹرنیٹ صارفین نے اس لڑکی کو مشکوک گردانتے ہوئے کچھ تحقیق کی تو انکشاف ہوا کہ یہ پاکستانی شہری نہیں بلکہ بھارتی ہے۔

پاکستانی انٹرنیٹ صارفین نے اس لڑکی کی ایک ٹک ٹاک ویڈیو ڈھونڈ نکالی۔ یہ ایک تشہیری ویڈیو تھی جس میں وہ بھارت کے ایک مقامی گروسری سٹور میں کھڑی ڈبے کے دودھ کی تشہیر کر رہی ہوتی ہے۔ یہ ٹک ٹاک ویڈیو انٹرنیٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے ایک پاکستانی نے کیپشن میں لکھا کہ ”ویرات کی اس پاکستانی فین گرل کی یہ حقیقت ہے۔ بیچاری بھارت میں دودھ بیچ رہی ہے۔درحقیقت یہ بھارتیوں کی اپنے کھلاڑیوں کو پروموٹ کرنے کی ایک اور شرمناک کوشش تھی۔“

close