تیسرا ٹی ٹونٹی میچ، انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے تگڑا ہدف دیدیا

کراچی (پی این آئی ) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹی20 میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 3وکٹوں پر 89 رنز بنا لیے۔انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ اور ویل جیکس نے اوپننگ کی شراکت میں 18 رنز بنائے۔ محمد حسنین نے فل سالٹ کو محمد نواز کے ہاتھوں کیچ کرایا، جنہوں نے 8 رنز بنائے تھے۔

 

 

جیکس اور ڈیوڈ ملان نے انگلینڈ کا سکور 61 رنز تک پہنچایا تاہم عثمان قادر نے پاکستان کو دوسری وکٹ دلادی۔ڈیوڈ ملان نے حیدرعلی کا کیچ بننے سے قبل 15 گیندوں پر 14 رنز بنائے تھے، جس میں 2 چوکے بھی شامل تھے۔ عثمان قادر نے 9ویں اوور میں 22 گیندوں پر جارحانہ انداز میں 40 رنز بنانے والے ول جیکس کو محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کروایا۔ پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ انگلینڈ کی جانب سے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔الیکس ہیلز کی جگہ وِل جیکس، لیوک ووڈ کی جگہ مارک ووڈ اور ڈیوڈ ویلی کی جگہ ریس ٹوپلی کو شامل کیا ہے۔ٹاس جیتنے والے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے جس پر 150 سے 180 رنز کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے، لگاتار دو میچ کھیلنا آسان نہیں۔ انگلش کپتان معین علی کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر بولنگ ہی کرتے لیکن اب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا ہدف دینا ہے اور پاکستان کی جلدی وکٹیں حاصل کرنا ہوگی۔

 

 

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سات میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔پاکستان الیون کپتان بابراعظم، محمد رضوان، حیدر علی، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف، شاہنواز دھانی، محمد حسنین پر مشتمل ہے جب کہ انگلینڈ الیون میں وِل جیکس، وکٹ کیپر فل سالٹ، ڈیوڈ ملان، بین ڈکٹ، ہیری بروک، کپتان معین علی، سیم کرن، ریسی ٹوپلے، عادل رشید، مارک ووڈ، لیام ڈاوسن شامل ہیں۔

close