عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپس آنیوالا شہری ائرپورٹ پر انتقال کر گیا

کراچی (آئی این پی)سعودی عرب سے عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپس آنیوالا بزرگ شہری کراچی ایئرپورٹ پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے عمرہ کی سعادت حاصل کرکے 77 سالہ بزرگ شہری صدیق احمد خان کراچی پہنچے، جہاز سے اترنے کے بعد وہ امیگریشن کائونٹر پر پہنچے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔جناح ٹرمینل پر ڈاکٹرز کی ٹیم نے طبی معائنے کے بعد مسافر کے انتقال کی تصدیق کردی۔

ڈاکٹرز کے مطابق صدیق احمد خان کی وجہ موت دل کا دورہ ہے۔مسافر صدیق احمد خان عمرہ ادا کرکے پی آئی اے کی پرواز پی کے 732 سے جدہ سے کراچی پہنچے تھے، وہ کراچی کے علاقے لانڈھی کے رہائشی ہیں۔سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے ضابطہ کی کارروائی مکمل کرکے مسافر کی میت ورثا کے حوالے کردی۔

close