کراچی میں بلدیاتی انتخابات 7 ویں بار ملتوی ہونے کا خدشہ، وجہ کیا بن رہی ہے؟

کراچی(آئی این پی) شہر قائد میں بلدیاتی انتخابات 7 ویں بار ملتوی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو ایک اور خط ارسال کر کے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے حلقہ بندیوں کے اعتراض کے باعث کراچی اور حیدرا?باد کے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے بلدیاتی حلقہ بندیوں میں درستگی اور تبدیلی کے لیے سندھ حکومت کو خط لکھا ہے، جس میں حلقہ بندی میں تبدیلی کے لیے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کا حوالہ بھی دیا گیا۔

خط میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کے لیے قانونی نکات پر اٹارنی جنرل سندھ کی آرا بھی شامل کی گئی ہیں۔ اب سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کی خواہش پر اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات ساتویں بار ملتوی کرنے کی راہ ہموار کر لی ہے۔واضح رہے کہ کراچی ڈویڑن میں بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو شیڈول ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اے جی سندھ کی آرا اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں حلقہ بندی ازسرنو ہو سکتی ہیں۔ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کے کہنے پر الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے، ایم کیو ایم نئی حلقہ بندیوں تک بلدیاتی الیکشن نہیں چاہتی، ایم کیو ایم کی طرف سے دباؤ کے بعد الیکشن کمیشن کو خط لکھا گیا ہے۔اس سے قبل سندھ حکومت مختلف حربوں سے کراچی اور حیدرا?باد میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرنے میں کامیاب رہی ہے، تاہم اس بار حلقہ بندیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔۔۔۔

close