کراچی، ایک سال میں کتنے قتل؟ کتنے شہری سٹریٹ کرائم میں جان سے گئے؟ کتنے فون چھینے گئے؟ کتنے موٹر سائیکل چوری؟

کراچی(آئی این پی)کراچی میں سال 2022 کے دوران ہونے والے جرائم اور قتل کے واقعات پر رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق شہر میں رواں سال 450 افراد کو مختلف واقعات میں قتل کیا گیا، صرف اسٹریٹ کرائم کے واقعات میں 92 افراد جان کی بازی ہار گئے۔اقدام قتل کے واقعات کے دوران 580 شہریوں کو زخمی کیا گیا۔ شہر میں 209 خواتین اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات ہوئے۔

شہر میں رواں سال کے دوران 2480 اغوا کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مختلف علاقوں میں بچوں کی گمشدگی کے 394 واقعات رپورٹ ہوئے۔یاد رہے کہ نومبر میں سٹی پولیس لیاژان کمیٹی (سی پی ایل سی) نے ماہ اکتوبر میں شہر میں ہونے والے جرائم کی رپورٹ جاری کی تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اکتوبر کے دوران مختلف واقعات میں 57 افراد قتل ہوئے جبکہ اغوا برائے تاوان کی 2 اور بھتہ خوری کے 3 واقعات رپورٹ ہوئے۔سی پی ایل سی کا کہنا تھا کہ 31 روز کے دوران 2 ہزار 260 موبائل فونز چھینے گئے اور مختلف کارروائیوں کے دوران پولیس نے 39 موبائل فونز برآمد کئے۔اعداد و شمار کے مطابق ماہ اکتوبر میں 211 شہریوں کو کار سے بے کار کردیا گیا، جس کے بعد مختلف کارروائیوں کے دوران 49 گاڑیوں کو برآمد کیا۔اسی طرح ایک ماہ کے دوران 4 ہزار659 موٹر سائیکلیں چوری، 446 چھینی گئی اور پولیس نے مختلف کارروائیوں میں323 موٹر سائیکلوں کو برآمد کیا۔

close