ٹیلرنگ شاپس میں مردوں کا داخلہ ممنوع

جدہ(پی این آئی)ٹیلرنگ شاپس میں مردوں کا داخلہ ممنوع۔۔۔سعودی وزارت بلدیات اور دیہی امور کی جانب سے لیڈیز ٹیلرنگ شاپس کے لئے 2024 میں جو شرائط متعارف کرائی ہیں اس میں مردوں کو خواتین کی ٹیلرنگ شاپس میں کام کرنے اور داخلے سے روک دیا گیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے اخبار 24 کے مطابق اپنے پلیٹ فارم ’استطلاع‘ پر وزارت بلدیات نے لیڈیز ٹیلرنگ شاپس کی شرائط کے حوالے سے عوام سے رائے طلب کی ہے۔ٹیلرنگ شاپس کو چلانے کے لئے مختلف وزارتوں کے لائسنس اور منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔

نئے ضوابط کے مطابق ٹیلرنگ شاپس میں خواتین کام کرسکتی ہیں، سلائی کی جگہ کا رقبہ 200 مربع میٹر سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے۔مجوزہ شرائط کا مقصد لیڈیز ٹیلرنگ شاپس کے کام کو صرف خواتین تک محدود کرنا ہے اور مردوں کو کام کے اوقات میں لیڈیز ٹیلرنگ شاپس کے اندر داخلے کی اجازت نہ دی جائے سوائے مینٹیننس اور صفائی جو دکان کے خالی ہونے یا کام ختم ہوجانے کے بعد کی جائے۔ٹیلرنگ شاپس کا ڈیزائن اس طرز پر بنایا جائے کہ کلائنٹس لیڈیز اور کام کرنے والی خواتین کی پرائیویسی متاثر نہ ہو۔ دکان میں داخل ہوتے ہی استقبالیہ اور ڈسپلے کی جگہ بھی مختص کی جائے۔ٹیلرنگ شاپ کے لئے میونسپلٹی کے لائسنس کے علاوہ تجارتی اور شہری دفاع کی منظوری حاصل کرنا بھی لازمی شرط میں شامل ہے۔۔۔۔

close