پرویز خٹک کے بیانات کو بونگیاں قرار دے کر سیاست سے ریٹائر ہونے کا مشورہ دے دیا گیا

پشاور(آئی این پی ) تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ صحت کی اس حالت اور ادھیڑعمری میں سیاست ان کے بس کا کھیل نہیں رہا۔ پرویز خٹک کی بونگیاں سن کر انہیں سیاست سے ریٹائر ہونے کا مشورہ دیتا ہوںان خیالات کا اظہار انہوں نے پرویز خٹک کے الزامات پررد عمل دیتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے کی بجائے اب پرویز خٹک کو باقی عمر سیاسی گناہوں کی معافی مانگنے میں گزارنی چاہیے۔ عمران خان کے خلاف بے بنیاد الزامات پرویز خٹک کی ذہنی خرابی اور حالت زار کا اظہار ہے۔

پرویز خٹک کمزور حافظے کی وجہ سے بھول گئے کہ 9 مئی کو وہ خود پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر تھے۔جو الزامات عمران خان پر لگائے بطور پارٹی صدر وہ ان کے خود بھی ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہی جرائم میں اس لوٹے کے خلاف بھی کاروائی ہونی چاہیے کیونکہ یہ اقبال جرم کر چکا ہے۔ وزیر اعلی کی کرسی پر بیٹھ کر حلوے خود ڈکار گیا، اور الزامات عمران خان کے خلاف دے رہا ہے۔ یہ لوٹا تحریک انصاف پر الزامات لگا کر اپنی مری ہوئی سیاست میں کچھ سانسیں ڈالنا چاہتا ہے۔ لیکن اسے شاید پتہ ہی نہیں کہ اس کی پارٹی کا تو چہلم بھی ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ لوٹا کس ڈھٹائی سے عمران خان کے خلاف بیانات دے رہا ہے۔ اس لوٹے کے بیانات سے تو بڑے بڑے سیاسی لوٹے بھی شرمندگی محسوس کرتے ہوں گے۔لوٹا ہونے کے ساتھ ساتھ احسان فراموشی اور محسن کشی کا تاج بھی پہن لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس احسان فراموش کو بیانات دیتے وقت پشتونوں کی غیرت کا کچھ تو خیال کرنا چاہیے۔ تحریک انصاف کے کچھ گندے انڈے ٹوکری میں ڈال کر یہ اپنے اپ کو پولٹری فارم کا مالک سمجھ بیٹھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی نام نہاد پارٹی پیدا ہونے سے پہلے ہی فوت ہو گئی تھی۔ اب اس نام نہاد پارٹی کی لاش کندھے پر اٹھا کر کارکنان تلاش کر رہا ہے۔ پختون غیرت مند ہین اور احسان فراموش لوٹوں کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ ۔۔۔

close