اسلام آباد میں مارچ یا جلوس کیلئے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد

پنجاب حکومت نے اسلام آباد میں مارچ یا جلوس کے لیے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔

سرکاری فنڈز، گاڑیاں، مشینری اور اہلکار کسی مارچ یا جلوس کے لیے استعمال نہیں ہوں گے، جبکہ کسی سرکاری ملازم کو سیاسی مارچ یا جلوس میں شرکت پر مجبور بھی نہیں کیا جاسکے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے 14 ستمبر کے حکم پر عمل درآمد کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ پنجاب بھر کے انتظامی افسران، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔ تمام محکموں کو ماتحت اور خودمختار اداروں کے لیے بھی ہدایات جاری کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

خلاف ورزی کی اطلاع کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب میں خصوصی ہیلپ لائن بھی قائم کردی گئی ہے۔ حکم کی خلاف ورزی میں ملوث اہلکار کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی ہوگی، جبکہ تمام محکموں سے 23 ستمبر تک عمل درآمد کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔