راولپنڈی کے تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں مشہور ٹک ٹاکر خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جبکہ فائرنگ کے واقعے میں مقتولہ کی 15 سالہ چھوٹی بہن بھی زخمی ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ شمسو بی بی عرف عائشہ کو گردن میں گولی لگی۔ مقتولہ گزشتہ 4 سال سے ٹک ٹاک بنا رہی تھی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کے 1.3 ملین فالوورز تھے۔ ٹیکسلا پولیس نے مقتولہ کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق شمسو کو ٹیلی فون کرکے کاشف کاشی نے بلایا، جس کے بعد وہ اپنی بہن اور بھائی کو ساتھ لے کر گاڑی میں گھر سے روانہ ہوئی۔ نجی پیٹرول پمپ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں شمسو کو گولیاں لگیں۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے بعد گاڑی ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں مقتولہ کی دوسری بہن بھی زخمی ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کا کوثر اور جاوید عرف شاہین کے ساتھ لین دین کا تنازع چل رہا تھا۔
مقتولہ کے والد کی جانب سے درج ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شمسو نے متعدد مرتبہ ملزمان کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بارے میں اہلخانہ کو آگاہ کیا تھا۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے رقم ہڑپ کرنے کے لیے خود یا نامعلوم ساتھیوں کے ذریعے بیٹی کو قتل کروایا۔






