بارشیں ہی بارشیں، ڈیم بھر گیا

کوئٹہ(پی این آئی)بلوچستان میں آواران سے زیارت تک بارش نے جل تھل ایک کردیا، مکران میں7 گھنٹے تک ہونے والی بارش سے دریائے سامی میں طغیانی آگئی جبکہ میرانی ڈیم بھر گیا۔تربت کے نواحی علاقے گھنہ اور ناصر آباد میں بارش اور برساتی پانی آنے سے کچے مکانات اور دیواروں کو نقصان پہنچا ،ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں آسمانی بجلی گر نے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں برسانے والے مغربی ہواؤں کے سسٹم کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تربت میں 68 ملی میٹر اور پنجگور میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

خضدار میں 22،قلات میں 11،لسبیلہ میں 9،کوئٹہ اور سبی میں 8،بارکھان میں 1ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔24گھنٹوں کے دوران آواران ، ہرنائی ،جعفرآباد ،بولان ،شیرانی ،کوہلو ،گوادر اور دالبندین میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔ موسلادھار بارش کے بعدکیچ کور ندی اور سامی ندی میں سیلابی صورتحال رہی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق کیچ کے نواحی علاقے سامی ندی میں دوگاڑیاں پھنس گئیں ،پھنسے ہوئے گاڑیوں میں سوار 9 افراد کو نکالنے کے لیے ایف سی اور پی ڈی ایم اے نے مشترکہ ریسکیو آپریشن کیا اور دریائے سامی میں پھنسے شہریوں کو پانی سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

close