منگھوپیر میں فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، واقعہ دہشت گردی یا ذاتی دشمنی کا نتیجہ؟ پولیس کا مؤقف سامنے آ گیا

کراچی (آئی این پی)کراچی میں منگھوپیر کے علاقے پیر آباد میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق پراپرٹی کا کام کرنیوالے حیات خان پر خلیل اور چمن نے حملہ کیا، جوابی فائرنگ میں دونوں حملہ آور بھی مارے گئے۔پولیس کے مطابق اورنگی ٹان میں پیرآباد چاکی ہوٹل کے قریب پراپرٹی ڈیلر حیات خان جنرل اسٹور کے پاس بیٹھا تھا، جب اس پر رکشہ میں سوار ہوکر آنے والے خلیل الرحمان اور چمن نے فائرنگ کردی، اسی دوران زخمی حیات خان نے بھی اپنی پستول سے فائرنگ کرکے دونوں حملہ آوروں کو قتل کردیا۔

حیات خان کی فائرنگ سے قتل ہونیوالا خلیل بھی پراپرٹی سے وابستہ تھا جبکہ مقتول چمن خان کے رشتہ دار کے مطابق وہ رکشہ ڈرائیور تھا اور سواری چھوڑنے پیرآباد گیا تھا۔ پولیس کے مطابق حیات خان اور خلیل الرحمان کا کسی بات پر تنازعہ چل رہا تھا، جس کا اہلخانہ کو بھی علم نہیں تھا جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک پستول بھی ملا ہے۔ مقتولین کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئیں۔مقتول حیات خان کے بھائی کا دعویٰ ہے کہ حیات خان ریئل اسٹیٹ کا کام کرتا ہے، ایک سائٹ دیکھنے گیا تھا، جہاں دو ملزمان نے فائرنگ کی۔مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ بھائی نے بھی اپنے لائسنس یافتہ اسلحہ سے جوابی فائرنگ کی، جس سے دونوں حملہ آور بھی مارے گئے۔۔۔۔۔

close